ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان سے محبت کا اظہار، آرمی چیف کا جاپانی زبان میں شکریہ،14 کروڑ کی ایمبولینسز اور طبی کٹس کا تحفہ،اسلام آباد میں ہونے والے اوورسیز پاکستانی کنونشن 2025 میں وطن سے محبت کا بھرپور مظاہرہ اُس وقت دیکھنے کو ملا جب جاپانی نژاد بزنس مین چوہدری آصف محمود نے پاکستان آرمی کو 5 جدید ہائی ایس ایمبولینسز بطور تحفہ پیش کیں، جن کی مالیت تقریباً 14 کروڑ روپے ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جاپانی زبان میں ان کا شکریہ ادا کیا، جسے شرکاء نے پرجوش انداز میں سراہا۔ جنرل عاصم منیر نے بتایا کہ وہ جاپان میں ماؤنٹ فیوجی کے قریب سیلف ڈیفنس فورس اسکول میں ایک سال تربیت حاصل کر چکے ہیں اور جاپان سے ان کی کئی یادیں وابستہ ہیں۔چوہدری آصف محمود نے کہا کہ پاک فوج سے عقیدت ان کے خون میں شامل ہے، اور یہ ایمبولینسز اسی جذبات کا اظہار ہیں۔ ان کے بڑے بھائی افتخار عامر پاک فوج میں میجر جنرل کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔تقریب میں جاپان سے تعلق رکھنے والے بزنس مین اسد نواز نے پاک فوج کو جدید طبی کٹس بطور تحفہ پیش کیں، جو زخمیوں کے خون کا بہاؤ روکنے میں مدد دیتی ہیں۔