اسلام آباد(نمائندہ جنگ )عدالت عظمیٰ نے پی ٹی آئی دور کے گورنر پنجاب وملزم عمر سرفراز چیمہ کی نو مئی 2023 کے جلائو ،گھیرائو سے متعلق مقدمات میں جسمانی یمانڈ کے حصول کیلئے دائر حکومت پنجاب کی اپیل کو ملزم عمران خان کیخلاف اسی نوعیت کے مقدمہ کیساتھ منسلک کر دیا ہے ،چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے حکومتی اپیل کی سماعت کی تو عدالت نے مقدمہ کو ملزم عمران خان کے خلاف اسی نوعیت کے مقدمہ کے ساتھ یکجا کر نے کا حکم جاری کیا اور چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اس مقدمہ کی سماعت آئندہ ہفتہ کے دوران ملزم عمران خان کے جسمانی ریمانڈ کے حصول کی درخواستوں کے ساتھ کی جائے گی ،ہم چاہتے ہیں کہ جسمانی ریمانڈ کے مقدمات کے فیصلوں میں یکسانیت ہو،بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت چوبیس اپریل تک ملتوی کردی۔