اسلام آباد(نمائندہ جنگ)حضرت امیر خسرو کے 721ویں عرس میں شرکت کے بعد پاکستانی زائرین وطن واپس روانہ ہوگئے۔ وزارت مذہبی امور کے تر جمان کے مطا بق – پاکستان سے 178 رکنی زائرین کا وفدجس کی قیادت وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکشن آفیسر محمد ریاض اور محمد عرفان خان نے کی، دہلی میں عظیم صوفی بزرگ حضرت امیر خسرو کے 721ویں عرس میں شرکت کے لیے نئی دہلی پہنچا۔عرس کی روایتی رسومات کے تحت وفد نے مزار پر چادر چڑھائی، جو صوفی روایت میں عقیدت اور محبت کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ ہر سال منایا جانے والا یہ عرس حضرت امیر خسرو کی علمی، ادبی اور روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے۔ وہ چشتیہ سلسلے کے معروف بزرگ حضرت نظام الدین اولیاء کے مرید خاص تھے۔پاکستانی ہائی کمشنر برائے بھارت، سعد احمد وڑائچ نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے امیر خسرو کی ہمہ گیر روحانی میراث کی عکاسی ہوتی ہے۔زائرین نے اپنے مذہبی فرائض پر امن طریقے سے ادا کیے، اور عرس کی رسومات کی ادائیگی کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔