بریڈفورڈ میں بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے کی نئی مہم ’شیئر یور اسٹوری‘ کا شاندار آغاز ہوگیا۔
برطانوی شہر بریڈفورڈ میں بچوں کے اندر تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور تحریر کے شوق کو فروغ دینے کے لیے ایک منفرد اور دلنشین مہم ’شیئر یور اسٹوری‘ کا آغاز کیا جارہا ہے۔
یہ مہم نیشنل لٹریسی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 26 اپریل بروز ہفتہ وِبسی پارک میں واقع ’دی بیکن‘ پر ایک رنگا رنگ پروگرام کے ذریعے شروع کی جائے گی۔
خصوصی طور پر تیار کردہ ’بریڈفورڈ اسٹوریز بس‘ اس مہم کی جان ہے، جو ایک امریکی اسکول بس کو تخلیقی انداز میں تبدیل کر کے بچوں کے لیے موبائل لائبریری اور کہانی گھر میں بدل دی گئی ہے۔
بچوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے یہاں فری ورکشاپس، تصویری کہانیاں، آرٹس و کرافٹس، کہانی نویسی جیسے دلچسپ اور مفید سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
مہم کے منتظم عمران حفیظ نے کہا کہ بریڈفورڈ کے بچے غیر معمولی کہانیاں رکھتے ہیں، انہیں صرف ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔