لاہور(خبرنگار) مرکزی مسلم لیگ کی شہدائے غزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا ہے کہ سکیورٹی کونسل کا اجلاس بلاکر غزہ میں فوری جنگ بندی کروائی جائے۔ دنیا میں امن کے لیے اسرائیلی مظالم کا سلسلہ روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیف اللہ خالد، حماس رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر، صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم، احمد ندیم اعوان، ڈاکٹر ناصر ہمدانی، مفتی یوسف کشمیری، یحییٰ مجید، و دیگر نے کیا۔ اہل حدیث یوتھ فورس کےصدر حافظ محمد سلمان اعظم نے غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک بار پھر او آئی سی اور اقوام متحدہ سے رجوع کریں۔ شاہراہ قائدین پر کانفرنس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ شرکا نے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور نعرے بازی کرتے رہے۔ جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ سیف اللہ خالد نے کہا کہ ہم کل بھی فلسطین کے لیے جمع ہوئے تھے اور آج بھی ساتھ کھڑے ہیں۔ مشکل وقت میں غمزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ اسرائیل نے دنیا کے کسی قانون اور اصول کی پاسداری نہیں کی۔ ایک چھوٹی سی بستی غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔ مفتی یوسف کشمیری نے کہا کہ جو مسلمان اہل غزہ کے ساتھ یکجہتی کر رہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں۔ اسرائیل کے ساتھ دوستی کی بات کرنے والے بزدل ہیں۔ علماء نے مسلم ممالک کے سربراہان پر جہاد کی فرضیت کا فتویٰ دے دیا ہے۔ یحییٰ مجید نے کہا کہ اہل فلسطین کے ساتھ ہمارا تعلق ایک جسم کی مانند ہے۔