بریڈفورڈ میں فائرنگ کے واقعے کو پولیس نے ”انتہائی تشویشناک“ قرار دیتے ہوئے اس کی تفتیش 'قتل کی کوشش' کے تحت دوسرے روز بھی جاری رکھی۔
یہ واقعہ ہفتہ کی شب پیش آیا، جب رات 10 بجے کے قریب ایمبولینس سروس کی اطلاع پر پولیس حرکت میں آئی۔ اطلاعات کے مطابق گولی لگنے سے زخمی ایک شخص کو اسپتال لایا گیا تھا، متاثرہ نوجوان کی عمر 20 کی دہائی میں بتائی گئی ہے اور اس کی حالت تشویشناک مگر خطرے سے باہر ہے۔
ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ اوک لین کے قریب وِکٹر اسٹریٹ کے چوراہے پر ایک کار پارک میں پیش آیا جہاں متعدد افراد کے درمیان زبانی جھگڑے کے بعد فائرنگ ہوئی۔
پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ کو سیل کردیا اور ہومی سائیڈ اور میجر انکوائری ٹیم واقعے کی مکمل تفتیش میں مصروف ہے۔ پولیس نے اس واقعے کو اب ”قتل کی کوشش“ کے طور پر درج کرلیا۔
کونسلر صفینہ کوثر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے۔ میری ہمدردیاں متاثرہ شخص اور اس کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ گن کرائم ایک سنگین مسئلہ ہے جو پورے معاشرے کے لیے خطرہ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پولیس مقامی کونسل اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر میں اس بات کو یقینی بنانے کےلیے کام کر رہی ہوں کہ مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بطور کمیونٹی متحد ہو کر ان مسائل کی جڑ تک جانا ہوگا اور اپنی گلیوں کو محفوظ بنانا ہوگا۔ تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں، تشدد کی ہمارے محلے میں کوئی جگہ نہیں۔
ڈیٹیکٹیو انسپکٹر سوزین ہال نے کہا کہ ہم فائرنگ کے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔ جو کوئی بھی اس واقعے کے بارے میں معلومات رکھتا ہو، وہ پولیس سے فوراً رابطہ کرے۔