• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوپ فرانسس نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی، تعزیتی ریفرنس

لاہور(خبرنگار)عالمی کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے انتقال پر بین المذاہب تعزیتی اجلاس کیتھڈرل چرچ ریگل چوک لاہور میں کیا گیا۔جس میں مسلم ،مسیحی ہندو اور سکھ راہنماوں کی شرکت کی ، راہنماوں نے پوپ فرانسس کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی یاد میں شمع روشن کی۔ چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم ، اور کیتھڈرل چرچ کے ویکٹر فادر آصف سردار نے پوپ فرانسس کی بین المذاہب خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔تعزیتی ریفرنس میں ماڈریٹر ڈاکٹر مجید ایبل ،فادرنقاش اعظم ،فادر رفحان فیاض ،پنڈت بھگت لال کھوکھر ،پادری عماؤئل کھوکھر ،ماڈریٹر جاوید گل ،علامہ قاری خالد محمود ،کرنل میکڈونلڈ چاندی ،علامہ اصغر عارف چشتی ،مفتی عاشق حسین ،آغا صغیر عباس ورک ،سید محمود غزنوی ،ڈاکٹر بدر منیر ،پادری سئیموئل میسی ْکامران پرویز چوہدری ودیگر نے شرکت کی۔چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہا کہ پوپ فرانسس کی بین المذاہب خدمات اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ پوپ فرانسس نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔پوپ کی وفات سے بین المذاہب رواداری کے لئے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے۔پوپ فرانسس امن کے داعی اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے کوشاں تھے۔ان کی خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔فادر آصف سردار نے کہا کہ پوپ فرانسس کی بین المذاہب مکالمے ،امن اور انسان دوستی کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔