• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے دو گینگز کے16ملزم گرفتار

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر )راولپنڈی پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو لوٹنے والے 2بڑے گینگز کے16ملزموں کو گرفتار کرلیا،گینگز میں پاکستانی نژاد ایسٹ افریقن خاتون، 5پولیس اہلکار اور دیگر ملزمان شامل ہیں،دونوں گینگز سے 7لاکھ50ہزار روپے اور اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔دونوں گینگز کے ارکان سوشل میڈیا کے ذریعے شہریوں کو ٹریپ کر کے لوٹتے تھے۔اس امر کاانکشاف ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ گینگز کو صدربیرونی اور صادق آباد پولیس نے گرفتار کیا۔صدر بیرونی پولیس نے پاکستانی نژادایسٹ افریقن خاتون سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا،گینگ کی لیڈی سرغنہ مرینہ خان پاکستانی نژاد ملاوی نیشنل ہے،گینگ میں مرینہ خان کا شوہر بلال اور دیگر ارکان فاروق، طیب، کامران اور عبدالجبار شامل ہیں۔مرینہ خان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شہریوں سے رابطہ کر کے ملاقات کے لیے بلاتی اور پھر گینگ ممبران اسلحہ کی نوک پر ان سے رقم اور قیمتی اشیاء چھین لیتے۔صادق آباد پولیس نے بھی 10رکنی آفتاب عرف تابی گینگ گرفتار کیا۔آفتاب عرف تابی گینگ کا سرغنہ ہے جس نے خواتین، دیگر ساتھیوں اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر گینگ بنا رکھا تھا،گرفتار ملزمان میں آفتاب، حمزہ،شان، ہاجرہ،عظمیٰ، مبشر،رضاعباس،فضل عباس،نعمان اور افضال شامل ہیں۔ہاجرہ مخصوص سوشل میڈیا ایپ کے ذریعے شہریوں کو ٹریپ کرتی تھی،شہری کو ملنے کے بہانے بلایا جاتا تھا اور ان کی نازیبا ویڈیوز، تصاویر بنا کر بلیک میل کیا جاتا تھا۔
اسلام آباد سے مزید