• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 سال میں پہلی بار پاکستان اور آسٹریا کی تجارت میں 31.5 فیصد اضافہ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

گزشتہ 6 سال میں پہلی مرتبہ 2024ء میں پاکستان اور آسٹریا کی تجارت میں 31.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس بات کا اظہار آسٹریا کے تجارتی اعداد و شمار میں کیا گیا ہے۔

شماریاتِ آسٹریا نے 2024ء کے لیے آسٹریا کے تجارتی اعداد و شمار شائع کیے ہیں، جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اور آسٹریا کی تجارت میں گزشتہ 6 سال کے مقابلے میں پہلی مرتبہ 31.5 فیصد اضافہ ہوا ہے، دو طرفہ تجارت 40 ملین یورو سے تجاوز کر گئی ہے۔

آسٹریا کو پاکستانی برآمدات میں (گزشتہ سال سے) 33 فیصد اضافہ ہوا اور 311 ملین یورو تک پہنچ گئی، برآمدات میں اضافے کی قیادت تیار کردہ اشیاء کی وجہ سے ہوئی جس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اور ہاؤس لینن شامل تھے۔

اس رفتار کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان اور آسٹریا کے درمیان 23 اپریل کو ایک اعلیٰ سطحی ورچوئل میٹنگ ہوئی، جس میں پاکستان کے سفیر کامران اختر ملک نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔

ورچوئل میٹنگ میں وزارت تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری جناب ناصر حامد، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری جناب محمد ایوب اور SIFC، اقتصادی امور ڈویژن، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے سینئر افسران شامل تھے۔

آسٹریا کے وفد کی قیادت وفاقی وزارت محنت و اقتصادیات کی ڈائریکٹوریٹ فار فارن اکنامک ریلیشنز کی سربراہ مسز الزبتھ ویسن بوک نے کی، ان کے ہمراہ آسٹریا کی وزارت خزانہ، فیڈرل اکنامک چیمبر، آسٹرین بزنس ایجنسی سمیت متعدد محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ورچوئل میٹنگ میں دونوں فریقوں نے 2023ء کے مقابلے میں 2024ء میں پاکستان اور آسٹریا دو طرفہ تجارت میں 31.5 فیصد اضافے کو نوٹ کیا۔ دونوں فریقوں نے غیر روایتی مصنوعات اور خدمات پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے طریقوں اور ذرائع کی نشاندہی کی۔

دونوں فریقین نے سرمایہ کاری کے مخصوص شعبوں میں مخصوص مواقع کی نشاندہی اور دو طرفہ سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے دوطرفہ منصوبوں کی مالی اعانت کے لیے کثیر جہتی فنانسنگ میکانزم کے استعمال کے امکان کو تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے خاص طور پر آئی ٹی، ہیلتھ کیئر، لائف سائنسز اور متعلقہ شعبوں میں مزدوروں کی نقل و حرکت کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

واضح رہے کہ 2024ء میں آسٹریا نے انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت آسٹریا میں مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی پروفیشنلز کو 84 ریڈ وائٹ ریڈ کارڈ جاری کیے تھے۔


تجارتی خبریں سے مزید
برطانیہ و یورپ سے مزید