اسلام آباد (جمیلہ اچکزئی) پاکستان سے ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد، جس کی قیادت سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی کر رہے ہیں، آسٹریا اور آئرلینڈ کی پارلیمنٹس اور پارلیمانی بجٹ دفاتر (پی بی اوز) کا دورہ کرے گا۔ یہ دورہ، جو یورپی یونین (ای یو) کے تعاون سے ترتیب دیا گیا ہے، پاکستان کے قانون سازی کے عمل اور مالیاتی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کا مقصد رکھتا ہے۔ 23رکنی وفد میں صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز، مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ، اور پارلیمانی سیکریٹریٹ کے سینئر عہدیداران شامل ہیں۔ یہ اقدام €15 ملین یورو کے یورپی یونین کے مالی تعاون سے چلنے والے منصوبے ’’پاکستان میں پارلیمانی ترقی کی حمایت (مستحکم پارلیمان)‘‘ کا حصہ ہے، جسے GIZ انٹرنیشنل سروسز اور پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز (پپس) کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے۔