اسلام آباد (صالح ظافر) بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) نے ستمبر2023تک مختلف حادثات میں مجموعی طور پر 2374طیارے کھو دیے، جن میں 1126 جنگی طیارے اور 1248 غیر جنگی طیارے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 229 تربیتی طیارے اور 196 ہیلی کاپٹر بھی حادثوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ ان حادثات کے نتیجے میں 1305 ماہر پائلٹس جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار بھارتی میڈیا کے آفیشل ذرائع کی جانب سے شیئر کیے گئے ہیں۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے پچھلے دس سالوں میں کئی طیاروں کے حادثات کا سامنا کیا ہے۔ یہ تخمینہ لگایا گیا ہے کہ 2013 سے 2023 کے درمیان تقریباً 50 طیارے حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔ اس میں مختلف اقسام کے طیارے شامل ہیں، جیسے کہ جنگی طیارے، ٹرانسپورٹ طیارے، اور ہیلی کاپٹر۔ بھارتی ماہرین نے عوامی طور پر یہ بات تسلیم کی ہے کہ بھارت کی دفاعی تیاریوں میں سب سے پریشان کن کمی بھارتی فضائیہ کے جنگی طیاروں کے بیڑے میں ہے۔