راولپنڈی، وانا (نیوز ایجنسیاں)سکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دراندازی کی کوششیں ناکام بنانے کے بعد پاک افغان بارڈر کے ملحقہ علاقوں میں فالو اپ آپریشنز، آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب کارروائی میں مزید 17خوارجی مارے گئے، گزشتہ تین روز میں ہلاک ہونیوالے خوارج کی تعداد 71ہوگئی، ضلع لوئر جنوبی وزیر ستان کے وانا بازار میں امن کمیٹی کے دفتر پر بم دھماکا، 7افراد جاں بحق اور 29زخمی ہوگئے، حملہ ملا نذیر گروپ کے اہم کمانڈر سیف الرحمان کے دفتر پر ہوا جس میں وہ خود بھی شدید زخمی ہوئے ہیں ، دھماکے وقت مقامی قبائل کا جرگہ جاری تھا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں 25 سے 27 اپریل کے دوران سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائیوں کے دوران دراندازی کی کوششیں ناکام بناتے ہوئے 54 خوارج کو ہلاک کیا، بعدازاں پاک افغان سرحد کے ساتھ حسن خیل کے اردگرد کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز کئے گئے،جس کے دوران مزید 17خوارج مارے گئے، جو اپنے غیر ملکی آقاؤں کے کہنے پر دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے تھے، ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔