میڈرڈ (اے ایف پی)گرڈ آپریٹرز نے بتایا کہ گزشتہ روز اسپین، پرتگال اور جنوبی فرانس کے کچھ حصے تاریکی میں ڈوب گئے،بڑے پیمانے پر بلیک آؤٹ سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے۔ تاہم فوری طور پر بجلی کی بندش کی وجہ نہیں بتائی گئی۔اسپین کے ریلوے آپریٹر عدیف نے کہا کہ بجلی بند ہونے سے ملک بھرمیں ٹرینیں رک گئیں، جبکہ ہوائی اڈے آپریٹر اینا نے کہا کہ ہسپانوی ہوائی اڈوں پر متعدد واقعات پیش آئے۔ میڈرڈ اور بارسلونا میں موبائل فون نیٹ ورک بند ہو گئے، لوگ نیٹ ورک سے منسلک ہونے کیلئے اپنے موبائل فون ہاتھوں میں لیے سڑکوں پر نکل آئے۔بہت سے لوگوں کو صورتحال پر خبریں حاصل کرنے کے لیے ریڈیو کا استعمال کرنا پڑا۔کئی ٹریفک لائٹس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، جس سے گاڑیوں کو تصادم سے بچنے کے لیے رفتار کم کرنا پڑی، جبکہ میٹرو اور ٹرینیں روک دی گئیں۔