انٹر نیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے پاکستان ہمارا وکیل ہے، بارڈر پار بھارت نے اگر میلی آنکھ سے بھی اس کی طرف دیکھا تو آنکھ نکال دینگے۔
انھوں نے کہا یکم مئی کو پاکستانی بھائیوں کے ساتھ ایفل ٹاور پر بھارت کے خلاف بھر پور احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔
زاہد اقبال ہاشمی نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل پیس فورم کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں پی کے چوہدری، راجہ طاہر سدوال لندن سے آئے ہوئے مقصود احمد، چوہدری تنویر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پاکستان پر حملہ کرنے سے پہلے بھارت کو کشمیریوں کے اوپر سے گزرنا ہوگا۔ افواج پاکستان کے میدان مین لڑنے سے پہلے کشمیری بھارت سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہیں۔
پہلگام میں انسانیت کا قتل انتہا پسند بی جے پی کی سوچی سمجھی اسکیم ہے۔ کشمیری اور پاکستان کبھی بھی ایسی گھناؤنی واردات میں ملوث نہیں ہو سکتے۔
انھوں نے کہا مودی سرکار اس گھناؤنے کھیل سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو پامال نہیں کر سکتی۔ کشمیریوں کی زمین پر زبردستی قبضہ کر کے وہاں بھارت کے دوسرے علاقوں سے ہندوؤں کو لاکر آباد کرنا، گھر گھر تلاشی کے بہانے ماورائے عدالت قتل کرنا، کشمیری قیادت اور عام شہریوں کو پابند سلاسل کرنا ہمیشہ مودی اور اس کے حواریوں اور بے لگام فوج کا وتیرہ رہا ہے۔
انھوں نے کہا مودی آج بھی انسانیت کا قتل کرکے دنیا کو اپنے جمہوری ملک ہونے کا یقین دلا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ مودی یہ کھیل رہا ہے۔