کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کینال منصوبے کی منسوخی کو سندھ کی تاریخی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ پارٹی چیئرمین اور عوام کی حمایت سے مضبوط کیس پیش کیا اور جیت گیا۔صوبائی حکومت نے سی سی آئی میں سندھ کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا۔بھارت کی کسی بھی سازش کو ناکام بنادیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد سے کراچی واپسی پر ائرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر اپنے والہانہ استقبال کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیراعلیٰ سندھ نے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو ختم کرنے کے فیصلے پر سندھ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی رہنمائی میں ہماری حکومت نے سی سی آئی میں سندھ کے عوام کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے ہنگامی طور پر سی سی آئی اجلاس بلایا اور منصفانہ فیصلہ کیا، ہمارے مخالفین نے صدر آصف زرداری کو بدنام کرنے کی کوشش کی حالانکہ انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے اختیارات پارلیمنٹ کو سونپیں۔