ٹورنٹو(عظیم ایم میاں)کنیڈین انتخابات، 6 پاکستانی کامیاب، سلمیٰ زاہد اور اقرا خالد چوتھی بار منتخب، شفقت علی ، سمیر زبیری اور یاسر نقوی دوسری بار رکن اسمبلی منتخب، اسلم رانا کی پہلی بار کامیابی، تمام کامیاب امیدوار لبرل پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر تھے، کنزرویٹو کے ٹکٹ پر کوئی پاکستانی نہ آسکا۔کینیڈا کے وفاقی پارلیمنٹ کے انتخابات میں لبرل پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑنے والے پاکستانی نژاد امیدواروں نے کامیابی کا شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے جب کہ کنزرویٹو پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے والے پاکستانی نژاد امیداوار ابتدائی تفصیلات کے مطابق تاحال کامیابی حاصل نہیں کرسکے اور لبرل پارٹی کی پاکستانی نژاد خاتون امیدوار سلمیٰ زاہد اور اقرا خالد مسلسل تین مرتبہ پارلیمنٹ کی منتخب رکن رہ چکی ہیں اور اب چوتھی مرتبہ بھی سلمیٰ زاہد ڈالے گئے ووٹوں کا 57فیصد اور اقرا خالد 55فیصد حاصل کرکے واضح کامیابی حاصل کرکے منتخب ہوگئیں ہیں جب کہ دیگر حلقوں سے پاکستانی نژاد شفقت علی اپنے مخالف سے تقریباً 1600ووٹوں کی اکثریت سے دوبارہ کامیاب ہوگئے ۔ ادھر مانٹریال سے سمیر زبیری ڈالے گئے ووٹوں کا 60فیصد اوٹاوہ سے 62فیصد ووٹ حاصل کرکے یاسر نقوی بھی دوبارہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے ۔ ہملٹن کے شہر سے نووارد پاکستانی نژاد امیدوار اسلم رانا بھی 37فیصد ووٹ حاصل کرکے سیاسی پارٹی این ڈی پی کے مضبوط اور زیر اثر حلقہ انتخاب سے کامیابی حاصل کرکے کینیڈا میں پارلیمنٹ کے رکن کے طور پر اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز کیا ہے ۔