سکھر (بیورو رپورٹ، سید محمد عارف) حکومت سندھ اور وکلاء کے درمیان مذاکرات کامیاب، کارپوریٹ فارمنگ منصوبے پر تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی، وکلاء نے سندھ پنجاب شاہراہ ببرلو بائی پاس پر جاری دھرنا ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے وکلا کے 11رکنی کمیٹی سے مذاکرات کی جس کے بعد وکلا نےدھرنا ختم کر دیا، وکلا کا کہنا ہے کہ کارپوریٹ فارمنگ کے مسئلے پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق سی سی آئی اجلاس میں دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے کا منصوبہ مسترد کئے جانے کے بعد وکلاء کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ کے مطالبہ پر حکومت سندھ کا وفد مذاکرات کے لئے سکھر پہنچا۔ وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار ودیگر نے وکلاء کی 11رکنی کمیٹی کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ بار میں بیٹھک لگائی، مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وکلاء دوستوں سے مذاکرات کیلئے آئے ہیں، دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہیں، خطہ پر جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں، تناؤ کی صورتحال ہے، دھرنا ختم ہونا چاہیے، سی سی آئی نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا، کارپوریٹ فارمنگ منصوبے پر وکلاء ہم سے بریفنگ لے لیں، تحفظات درست ہیں یا غلط؟ ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے، وکلاء نشاندہی کریں، ہم درست کریں گے، یقین کی حد تک پرامید ہوں کہ وکیل ہماری بات مان لینگے۔