• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوٹمز کے اساتذہ اور طلباء کا قومی احتساب بیورو آفس کا دورہ

کوئٹہ(پ ر)چیئرمین نیب کے وژن کے مطابق اور انسداد بدعنوانی سے متعلق آگاہی مہم کے تحت ، قومی احتساب بیوروبلوچستان نےگزشتہ روز بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے طلباء اور اساتذہ کے وفد کو مدعو کیاجس کی قیادت پبلک ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے شعبہ کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نگینہ گل نے کی۔ نعمان اسلم ڈائریکٹر جنرل نیب نے وفد کا خیرمقدم کیا ۔وفد نے نیب بلوچستان کے مختلف دفاتر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کام کے طریقہ کار بشمول شکایات پر کارروائی، انکوائری اور پراسیکیوشن کے عمل کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ عمران مجید ایڈیشنل ڈائریکٹر نے بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کا کردار کے عنوان سے معلوماتی لیکچر دیا۔ انہوں نے نیب کی سہہ جہتی حکمت عملی آگاہی، روک تھام اور نفاذکے بارے تفصیل سے بتایا اور نیب کے قانون اور اس کی ترامیم کے اہم حصوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء اپنے اخلاق اور پیشہ ورانہ مہارت میں عبور حاصل کر کے بدعنوانی سے بہتر انداز میں نبردآزما ہو سکتے ہیں۔ یہ وصف ان کے مستقبل میں قائدانہ ذمہ داریاں ادا کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ ڈی جی نیب نے طلباء سے تفصیلی گفتگو کی اور ان کے سوالوں کے جواب دیئے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب اپنی تمام صلاحیتیں ہائی پروفائل کرپشن کیسز کے حل اور ایسی تدابیر پر صرف کرے گا جس کی بدولت محکموں میں کرپشن کو پنپنے سے روکا جا سکے۔ انہوں نے طلباءکو تلقین کی کہ معاشرے سے کرپشن کے اس ناسور کے تدارک کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
کوئٹہ سے مزید