• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی چیئرمین کو فوری بازیاب کیا جائے، بی ایس اے

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچ اسٹوڈنٹس الائنس کے رہنماوں بی ایس او پجار کے سینٹرل کمیٹی کے ممبر منصور بلوچ بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل حسیب بلوچ، مہر ناز بلوچ، پیرجان بلوچ اور دیگر نے کہا ہے کہ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی چیئرمین جاوید بلوچ کو فوری بازیاب کیا جائے ،ان کی بازیابی کے لئے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پرامن ریلیاں نکالی اور مظاہرے کیے جائیں گے ۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچ اسٹوڈنٹس فرنٹ کے مرکزی چیئرمین جاوید بلوچ کو 23 اپریل کی شب رات تین بجے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں واقع ان کی رہائش گاہ سے مبینہ طور پر حراست میں لیا گیا ہے جس کے بعد سے وہ تاحال لاپتہ ہیں ، 24 اپریل کو بی ایس ایف شال زون کے جنرل سیکرٹری گہرام اسحاق کو جناح روڈ کوئٹہ سے مبینہ طور پر لاپتہ کیا گیا ہے ،جاوید بلوچ ایک طالب علم اور پرامن سیاسی رہنماء ہیں جنہیں بغیر کسی جرم کے ماورائے عدالت گرفتار کیا گیا ہے ، یہ عمل ملک کے آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے ، اس غیرآئینی عمل کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم کا روشن مستقبل اس کے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے وابستہ ہوتا ہے ، بدقسمتی سے بلوچ قوم کے باشعور نوجوانوں کو جبری گمشدگی کا شکار کرنے کے عمل میں تیزی لائی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو چین سے تعلیم حاصل کرنے کا حق نہیں دیا جارہا ، تعلیمی اداروں میں طلباء کی پروفائلنگ کرکے انہیں حراساں کیا جارہا ہے ۔ تمام بلوچ طلباء کو بازیاب کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچ طلباء کے خلاف کریک ڈاون ، ماورائے عدالت گرفتاریوں اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ جاوید بلوچ پرامن طالب علم اور سیاسی رہنماء ہونے کے ساتھ ساتھ قانون کا طالب علم ہیں انہیں فوری بازیاب کیا جائے ان کی بازیابی کے لئے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پرامن ریلیاں نکالی اور مظاہرے کیے جائیں گے ۔
کوئٹہ سے مزید