کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر صوبائی نائب صدر نواب سلمان خلجی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں کو قتل کرنے کا واقعہ افسوسناک ہے ، بے گناہ سیاحوں کو ہلاک کرنے والے مودی سرکار کے آلہ کار تھے جنہوں نے مذہبی انتہا پسندی کو ہوا دینے کے لئے بی جے پی کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے بے گناہ لوگوں کا قتل عام کیا ۔ بھارت کا جنگی جنون اگر ختم نہ ہوا تو ہم اپنے ملک کے تحفظ کا حق محفوظ رکھتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہوں کی ہلاکت باعث افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ واقعے کی پاکستان میں مذمت بھی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی پاسداری نہ کرنا اعلان جنگ ہے ، پاکستانی قوم یا ہماری سیاسی اور عسکری قیادت جنگ کی خواہش نہیں رکھتی لیکن سندھ طاس معاہدے کے تحت ہمارا پانی اگر روکا جائے گا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا ۔ بھارتی عوام کو چاہئے کہ اپنی حکومت کے پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں ۔ انہوں نے کہا کہ دفاع سرزمین کیلئے اپنے اختلافات بالائے طاق رکھ کر اپنے الفاظ ، قلم اور بندوقوں کا رخ بھارت کی طرف موڑیں گے ۔