کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان تندور ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ملک محمد رضا خلجی نے کہا ہے کہ 6 دن تک انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ کے مطابق روٹی فروخت کریں گے جس کے بعد تجزیہ کمیٹی تمام چیزوں کا جائزہ لیکر اجلاس بلاکر نئے نرخ نامہ کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی ، 10 دن کیلئے ہڑتال موخر کرتے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں انجمن تاجران کے صدر امر الدین آغا ، ٹکری حمید بنگلزئی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جلسہ کے دوران انجمن تاجران کے رہنماؤں نے ہمارے دفتر آکر ہماری کابینہ کے عہدیداروں سے مذاکرات اور ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ان کی ٹیم سے بات کی جس کے بعد ثالثین نے دونوں فریقین کو بٹھاکر خوشگوار ماحول میں مذاکرات کئے ، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ 6 دن کے اندر تجزیہ کمیٹی کا اجلاس بلاکر دوبارہ تمام چیزوں کے نرخ طے کرکے متفقہ طور پر نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ انتظامیہ نے اب جو ریٹ جاری کیا ہے اس کے چھ دن تک پابند ہیں نئے نرخ نامے تک چھاپے نہیں لگائے جائیں گے جو کارکن گرفتار ہیں ان کو رہا کیا جائے گا ، تمام سیل تندور فوری طور پر کھول دیئے جائیں گے ۔