• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کی شرائط پر حکومت کی ملازم دشمن پالیسیاں قبول نہیں، پی ڈبلیو ایف

کوئٹہ ( پ ر)پاکستان ورکرز فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن کے تعاون سے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ایگریکلچرآفس رانی باغ سریاب میں ایک جلسے کا اہتمام کیاگیا ۔جلسے کے آغازسے قبل ایک ریلی بھی نکالی گئی۔ریلی کے شرکاء سریاب روڈ پاکستان پوسٹ اور سروے آفس سے ہوتے ہوئے رانی باغ پہنچے ۔جہاں 1886 ء کے شکاگو کے جان نثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جلسہ ہوا جس میں مختلف ٹریڈ یونینز ،ایسوسی ایشنز اور فیڈریشن کے عہدیداروں ،کارکنوں ،مزدوروں اور محنت کشوں نے شرکت کی ۔جلسے کی صدارت پاکستان ورکرز فیڈریشن کے صوبائی صدر محمد حنیف محمدحسنی نے کی ۔جبکہ مہمان خاص پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئن کے مرکزی چیئرمین کامریڈ نذرمینگل تھے ۔ جلسے سے محمد حنیف محمد حسنی ،کامریڈ نذرمینگل ،پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ثناء الحق ناصر ، ایگریکلچرورکرز یونین کے صوبائی صدر حاجی عبدالکریم ترین ،مارٹن ڈاؤ مارکر ورکرزیونین کے جنرل سیکرٹری منظور احمد بلوچ ،ایگریکلچر آفیسر ایسوسی ایشن کے صوبائی عبدالحمید بلوچ ،یونائیٹڈ لیبر فرنٹ کیسکو کے صوبائی صدر حافظ عصمت اللہ ،کمیونسٹ پارٹی بلوچستان ریجن کے کامریڈ یحییٰ سلطان، گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی کے سینئر رہنماء محمد بچل ابڑ و،زمیندار کسان تحریک کے مرکزی وائس چیئرمین حیدر بلوچ ،مارکیٹ کمیٹی ایمپلائز یونین کے صدر میر عبدالستار مینگل ،پی ٹی یو ڈی سی کے مستونگ کے آرگنائزر کامریڈ عبدالرحمان سنگت نے خطاب کیا ۔اسٹییج سیکرٹری کے فرائض محمد افضل مینگل نے انجام دیئے۔ قراردادیں پی ٹی یوڈی سی کے رکن اور جی ٹی اے آئینی کوئٹہ ڈویژن کے پریس سیکرٹری یوسفی بلوچ نے پیش کیں ۔جبکہ پی ٹی یو ڈی سی کی کامریڈ شکیلہ بلوچ نے یکم مئی کے حوالےسے نظم پیش کی ۔مقررین نے شکاگو کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ملازمین اور محنت کش پالیسیوں کے خلاف تمام ملازمین اور محنت کشوں کی تنظیموں کو متحد ہونا ہوگا بصورت دیگر وہ اپنے مفادات کا تحفظ نہیں کرسکیں گے ۔انہوں نے ملازمین کے خلاف آئی ایم ایف کی شرائط پر حکومتی کی جانب سے پالیسیوں کی بھرپور مذمت کی اور ان پالیسیوں کے خلاف جدوجہد اور تحریک چلانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔اس موقع پر قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف کے تمام قرضے ضبط کیے جائیں۔
کوئٹہ سے مزید