• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر کے محنت کش اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے متحدہو جائیں ،مزدور تنظیمیں

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈ یونینز ، بلوچستان لیبر فیڈریشن ، پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان اور آل پاکستان یونائٹیڈ اری گیشن ایمپلائز فیڈریشن کے زیراہتمام عالمی یوم مزدور کی مناسبت سے میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار پر جلسہ ہوا جس کی صدارت حاجی محمد رمضان اچکزئی نے کی جبکہ مہمان خاص خان زمان تھے، جلسے سے مختلف فیڈریشنوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا ۔ اس موقع پر 1886کے جان نثاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔ مقررین نے کہا کہ یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر منایا جانا دراصل ان مزدوروں اور محنت کشوں کو یاد کرنا ہے جنہوں نے 1886کو شکاگو میں اپنے مطالبات منوانے کیلئے خون کا نذرانہ پیش کیا ۔ آج پاکستان میں محنت کش طبقے کی حالت 1886کے مزدوروں سے بھی بدتر ہے ،مختلف شعبوں میں کام کرنے والے لاکھوں مزدوروں کو آج بھی صحت و سلامتی کی سہولتوں سمیت سوشل سیکورٹی تک دستیاب نہیں ، مہنگائی و بے روزگاری نے غریب عوام بالخصوص محنت کش طبقے کی کمر توڑ دی ہے ، ہوشربا مہنگائی میں بچوں کو دو وقت کی روٹی کھلانا بھی مشکل ہوگیا ہے ، اس وقت ملک میں جاری معاشی و سیاسی صورتحال کا اثر ہماری قومی معیشت پر بھی پڑا ہے اور اس کا سب سے بڑا نشانہ محنت کش طبقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹائزیشن مزدور طبقے کیلئے ایک لٹکتی تلوار ہے، پرائیویٹ ہونے والے اداروں نے ٹریڈ یونین تحریک کو دیوار سے لگا دیا ہے، اس لئے قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ملک کا محنت کش طبقہ ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گا ۔ جلسے کے آخر میں متعدد قراردادیں پیش کی گئیں جن کی جلسے کے شرکاء نے منظوری دی ۔
کوئٹہ سے مزید