کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان لیبر فیڈریشن اور پاکستان سینٹر مائنز لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں سیمینار منعقد ہوا اور بعد ازاں کوئٹہ پریس کلب سے منان چوک تک ریلی نکالی گئی ، جس کی قیادت آل پاکستان لیبر فیڈرشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالستار نے کی ۔ سیمینار اور ریلی میں صوبائی چیئرمین شاہ علی بگٹی ، حبیب اللہ کول کمپنی ایمپلائز یونین کے صدر محمد زمین ، یو ایم سی ایمپلائز یونین کے سیف اللہ خان ، کوئٹہ سرینا ہوٹل لیبر یونین کے عجب خان سمیت دیگر یونین اور تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ سیمینار میں 24 قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں ، جن میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ محنت کشوں کی تنخواہوں میں فوری طور پر اضافہ ، ملکی اداروں کی نجکاری کا فیصلہ فوری واپس ، مائننگ کو صنعت کا درجہ دینے ، آئی ایل او کے کنونشن 176 کو فوری طور پر تسلیم کرنے ،مائنز ورکرز کی رہائش ، کھانے اور پینے کیلئے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی ، تمام کنٹریکٹ و ڈیلی ویجز ملازمین کو ریگولر کرنے،سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئی کا دائر ہ کار مائنز ورکرز تک بڑھانے سمیت مختلف مطالبات شامل تھے ۔