ایران نے بھی پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں تیز کر دیں، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کل اسلام آباد پہنچیں گے اور پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان ایرانی وزارتِ خارجہ اسماعیل بقائی کے مطابق وزیرِ خارجہ عباس عراقچی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد بھارت کے دورے پر نئی دہلی جائیں گے، دونوں ملکوں کے دورے کا مقصد پہلگام واقعے کے بعد ہونے والی کشیدگی میں کمی لانا ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے ثالثی کی پیشکش کی تھی، جبکہ 26 نومبر کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ کا یہ دورۂ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات ہو گی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عراقچی صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اورنائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب پر مبنی ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ کا دورہ پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ہو گا۔