یورپ میں پاکستانی صحافت کے نمایاں نام خالد حمید فاروقی مرحوم کی تیسری برسی کے موقع پر برسلز میں ’خالد فاروقی میموریل فریڈم فیسٹیول‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں یورپ بھر سے صحافیوں، ادیبوں اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
پاکستان پریس کلب بیلجیئم اور کشمیر کونسل یورپ کے اشتراک سے منعقدہ اس تقریب میں تعزیتی ریفرنس، مشاعرہ اور موسیقی کے سیشن شامل تھے۔
پروگرام کی صدارت چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید نے کی جبکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ مہمانِ خصوصی تھے۔
تعزیتی ریفرنس کی صدارت دانشور راؤ مستجاب احمد نے کی اور شاعری کی صدارت صغیر انور وٹو نے کی، پروگرام کا استقبالیہ پاکستان پریس کلب بیلجیئم کے جنرل سیکریٹری ندیم بٹ نے پیش کیا۔
مرحوم خالد فاروقی کی اہلیہ ایلا فاروقی، بیٹی مایا فاروقی اور بیٹے کامل فاروقی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
مقررین نے ان کی بہادری، اصول پسندی اور خصوصاً کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرنے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر اسلم سید کی اہلیہ کشور مصطفیٰ اور بیٹی بنفشہ سکینہ سید، طاہرہ رباب، شیراز راج، اکرم قائم خانی، سید اعجاز سیفی اور سرمد فاروقی بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں دیگر ممتاز شخصیات پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید، سید عارف نقوی، خالد احمد اور خواجہ ظفر کو بھی یاد کیا گیا۔
شعری نشست کی صدارت صغیر انور وٹو نے کی، جس میں شہباز خواجہ، طاہرہ رباب، عدیل شاکر، حر حسنین، شیراز راج، عمران ثاقب اور ناصر وصال نے اپنی نظمیں پیش کیں۔
موسیقی کے سیشن میں استاد اسد رضا قزلباش نے اپنے فن سے حاضرین کو محظوظ کیا۔