برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے تاحیات رکن، پاکستانی کشمیری اوریجن لارڈ قربان حسین ستارۂ قائداعظم نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیائی خطے میں امن صرف مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل سے ہی ممکن ہے۔
وہ گزشتہ روز لوٹن ٹاؤن ہال کونسل چیمبر میں جامعہ اسلامیہ غوثیہ لوٹن کے علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی صدارت اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ کے پروفیسر ممتاز بٹ، پروفیسر چوہدری امتیاز، سابق میئر لوٹن ریاض بٹ، شبیر ملک، راجہ ضرار محمود اور راجہ محمد یعقوب خان کی میزبانی اور سابق ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسلر راجہ محمد اسلم خان کے تعاون سے منعقدہ استحکامِ پاکستان کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، کانفرنس میں امن کے موضوع پر خطابات کیے گئے۔
لارڈ قربان حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں امن کا فقدان ہے جبکہ اس کانفرنس کا موضوع امن ہے، جنوبی ایشیاء کے خطے میں امن کے تمام راستے مسئلہ کشمیر کے حل سے منسلک ہیں، کشمیر میں نسل کشی ہو رہی ہے اس قتل عام کو رکوانے کے لیے بھی عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے عالمی حقوق انسانی کی ایک تنظیم کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے واضح کیا کہ بھارت مختلف فیزیز میں کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے مگر مہذب اقوام خاموش ہیں۔
لارڈ قربان حسین نے زور دیا کہ پاکستان کا ایک مثبت چہرہ پیش کیا جائے، دنیا کو یہ دکھایا جائے کہ تمام پاکستانی ایک قوم ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ پاکستان ترقی کرے۔
انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ اور امریکا بھی ایران کے خلاف جنگ میں شامل نہ ہوں، اس سے دنیا میں مزید بدامنی اور خون ریزی پھیلے گی۔
برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن سے وزیر برائے اوورسیز محمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی افواج اور عوام نے جس طرح یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے یہ جذبہ بے مثال تھا، اسی طرح اتحاد قائم رہے تو کوئی پاکستان کا بال بیکا نہیں کر سکتا۔
تقریب میں پاکستانی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری چوہدری جواد احمد چٹھہ بھی بطور خاص شریک ہوئے جن کی کمیونٹی کاوشوں کو صدرِ تقریب علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای نے خصوصی طور پر سراہا اور ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کا شکریہ بھی ادا کیا کہ لوٹن اپنی ٹیم بھیج کر محبت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی اور فلاحی ریاست ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے بتایا کہ آج لوٹن کونسل کی تینوں جماعتوں یعنی لیبر پارٹی، کنزرویٹو اور لبرل ڈیموکریٹس کے کونسلرز یہاں موجود ہیں اور پاکستان و کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں۔
انہوں نے تجدیدِ عہد کیا کہ ہر سطح پر پاکستان ترجیح رہے گا اور کمیونٹی برطانیہ کی تمام سیاسی جماعتوں میں بھرپور طریقے سے شامل ہو کر اپنا مزید رول بڑھائے گی۔
علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کہا کہ پاکستانی فوج آپ سب کی محافظ ہے۔
لوٹن کونسل کے سابق ڈپٹی لیڈر اور کنزرویٹو پارٹی گروپ لیڈر کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کہا کہ پاکستان کو بنانے میں ان گنت قربانیاں دی گئیں تب آزادی ملی تھی، پاکستان کی سیفٹی اور سیکیورٹی پر کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا اور اتحاد کے وژن کو قائم رکھا جائے۔
مسلم کانفرنسی لیڈر پروفیسر چوہدری امتیاز نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کے منصفانہ حل سے ہی خطے میں امن کا قیام ممکن ہے۔
سابق میئر لوٹن ریاض بٹ نے ایک موشن پیش کیا، اکاؤنٹنٹ اور ممتاز کشمیری شخصیت چوہدری عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ چولی دامن کا ہے، یہ رشتہ تاقیامت قائم رہے گا۔
چیئرمین میرپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ موومنٹ برطانیہ اور یورپ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے استحکامِ پاکستان کانفرنس کے انعقاد پر علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی اور دیگر رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش بھی پیش کیا۔
سینئر کونسلر محمود حسین نے کہا کہ پاکستان نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ اپنی حفاظت کر سکتا ہے اور کہا کہ آرمی کی قیادت کو ہمیشہ سپورٹ کیا جائے۔
تحریکِ کشمیر برطانیہ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد شریف نے کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان سے محبت ہمارا ایمان ہے۔
پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی حیثیت اور بلاشبہ نمایاں کردار کو حالیہ واقعات کے تناظر میں عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کے اندر سیاسی انتشار ختم کر کے سیاسی استحکام پیدا کیا جائے۔
سابق میئر لوٹن طاہر محمود ملک نے کہا کہ امن کانفرنس نام بہت اچھا ہے، آج ضرورت ہے امن اور اتحاد قائم کیا جائے۔
کونسلر انوار ملک نے کہا کہ جب ادارے مضبوط ہوں گے اور جب انصاف کی فراہمی ہوگی تب ہی استحکامِ پاکستان ممکن ہو سکے گا۔
کونسلر ظہور احمد نے اتحاد پر گامزن رہنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
میزبان مسلم کانفرنسی رہنما شبیر ملک نے کہا کہ وہ تمام شرکاء کو اس کانفرنس میں شرکت پر خیرمقدم کرتے ہیں۔
صدر تاجران کوٹلی ملک محمد یعقوب، سابق جنرل سیکریٹری کشمیر رابطہ کمیٹی برطانیہ اور جے کے ایل ایف پروفیسر ریاض بھٹی، سابق مئیر لوٹن یعقوب حنیف، سابق ڈپٹی مئیر لوٹن سمیرا خورشید، کونسلر عالیہ، سابق میئر سلاؤ امجد عباسی، ڈاکٹر یاسین رحمٰن، راجہ ظفر اللّٰہ، راجہ محمد یعقوب، راجہ ضرار محمود صدیق راٹھور سمیت متعدد رہنماؤں نے اظہارِ خیال کیا اور کانفرنس کے مقاصد کو اجاگر کیا۔
آغاز پروفیسر مسعود اختر ہزاروی کی تلاوت سے کیا گیا، آزاد نکیالوی نے ہدیۂ نعت پیش کیا، نظامت کے فرائض پروفیسر ممتاز بٹ نے ادا کیے۔
شرکاء میں وٹفورڈ سے حاجی منیر خان، امجد بوبی اور لائق علی خان، لوٹن سے پروفیسر راجہ محمد عارف خاں، راجہ حفیظ خان، عرفان خان، قاضی عطاء الکبریا، راجہ رشید خان، کونسلر ادریس لطیف، سابق مئیر کونسلر محمد فاروق، راجہ زاروب، شیراز خان، راجہ اسرار احمد خان اور اسرار راجہ، بھلوال سے راجہ حمید خان سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔