• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ رخ خان کی میٹ گالا میں شرکت: بین الاقوامی میڈیا اداکار کو پہچاننے سے قاصر


بالی ووڈ کنگ شاہ رُخ خان نے فیشن کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ ’میٹ گالا 2025‘ میں ڈیبیو کیا لیکن یہاں ایک دلچسپ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بین الاقوامی میڈیا بھارت کے سب سے بڑے اسٹارز میں سے ایک شاہ رخ خان کو پہنچاننے سے قاصر رہا۔

شاہ رخ خان کو اپنے سادہ اور منفرد انداز کے سبب سرخیوں میں خوب رہنا آتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اداکار اس وقت ناصرف بھارت بلکہ دنیا بھر کے میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔

شاہ رخ خان پہلے مرد اداکار ہیں جنہوں نے بالی ووڈ انڈسٹری سے میٹ گالا میں شرکت کی۔ ان کی  میٹ گالا میں شرکت کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جنہیں ان کے مداح و صارفین کی جانب سے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

ایسے میں شاہ رخ خان کی ایک ایسی ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جسے دیکھ کر ایشیا کے صارفین حیران نظر آ رہے ہیں۔

ویڈیو میں شاہ رخ خان کو میٹ گالا کے ریڈ کارپٹ پر کھڑے میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اداکار کو انٹرویو دینے سے قبل اپنا تعارف کرواتے اور بعد ازاں اپنے اسٹائل سے متعلق تفصیل بتاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب میٹ گالا 2025ء میں ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ میں نے میٹ گالا میں شرکت اپنے بچوں کے کہنے پر کی ہے، میں بہت شرمیلا ہوں اور بہت نروس محسوس کر رہا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ مجھ پر میٹ گالا میں شرکت کےلیے پہلے میرے ڈیزائنر سبیاساچی کی جانب سے دباؤ ڈالا گیا اور بعد ازاں میرے بچوں نے مجھے میٹ گالا میں شرکت کےلیے کہا، مجھ سے زیادہ میرے بچے میٹ گالا کےلیے پُرجوش تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید