• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب بلوچستان کے افسروں کا دورہ نسٹ، آگاہی واک میں شرکت

کوئٹہ(پ ر)بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں نیب بلوچستان کے افسران کے وفد نے نیاز حسن ڈائریکٹرنیب کی قیادت میں گزشتہ روز نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بلوچستان کیمپس کوئٹہ کا دورہ اور سیمینار میں شرکت کی جس کا مقصد مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کےلئے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب افسران نے طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لئےاپنا کلیدی کردار ادا کریں افسران نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر اجاگر کیا گیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویئے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔اس موقع پر نسٹ کوئٹہ کے ڈین اور کیمپس ڈائریکٹر بریگیڈیئر پروفیسر ڈاکٹر مغیث اسلم نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سیمینار کے اختتام پر نیب کے افسران نے نسٹ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا۔ بعدازاں آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا جس میں نیب افسران، نسٹ کے ریجنل ڈائریکٹر، اساتذہ، لیکچررز اور طلباء نے شرکت کی۔
کوئٹہ سے مزید