• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ انتہائی ضروری ہے، ہادیہ نواز بہرانی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری برائے بہبود آبادی ہادیہ نواز بہرانی نے کہا ہے کہ بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ نہ صرف ماں کی صحت کے لئے بلکہ بچوں کی نشوونما کے لئے بھی بہتر ہوتا ہے ،معاشرے میں بہبود آبادی سے متعلق آگاہی انتہائی اہم ہے ، بڑھتی ہوئی آبادی کی شرح اور کم ہوتے ہوئے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفہ انتہائی ضروری ہے ۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام سیمینار سے خطاب میں کہی ، سیمینار سے سیکرٹری بہبود آبادی عبداللہ خان نورزئی ، یو این ایف پی اے کی سائرہ عطا ، ڈاکٹر سرمد سعید ، بہبود آبادی کے محمد عظیم کاکڑ ، ڈاکٹر امبرین مینگل ، ڈاکٹر کوکب لطیف ، ڈاکٹر مشتاق مینگل ، ملک نعیم کاسی ، محمد انور کاکڑ ، ولی بڑیچ ، جمعہ خان کاکڑ نے بھی خطاب کیا ۔ ہادیہ نواز بہرانی نے کہا کہ تولیدی صحت صرف عورتوں کا مسئلہ نہ سمجھا جائے بلکہ یہ خاندانوں ، معاشرے اور قوم کا مسئلہ ہے ، اس سلسلے میں درست معلومات ، تعلیم اور رہنمائی ضروری ہے ، ہر فرد کو معیاری طبی سہولیات فراہم اور اس مسئلے کو اولین ترجیح دی جائے ۔ سیکرٹری بہبود آبادی نے کہا کہ ہمیں تولیدی صحت پر کھل کر بات کرنی چاہئے ، آج کے جدید دور میں موبائل کے ذریعے ہم خانہ منصوبہ بندی کے حوالے سے اپنا پیغام لوگوں تک پہنچارہے ہیں جس سے عوام مستفید بھی ہورہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید