کوئٹہ (خ ن) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی قیادت میں بھارت کی جانب سے گزشتہ شب پاکستان کے عام شہریوں پر کیے گئے حملے کے خلاف پرجوش اور پْرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جو ڈی سی آفس سے شروع ہو کر اسمبلی چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء سے خطاب بھی کیا ۔ریلی کا مقصد نہ صرف بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا تھا بلکہ پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار بھی کرنا تھا۔ شہریوں کی بڑی تعداد، سول سوسائٹی، طلباء تاجر، اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے ریلی میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر سعد بن اسد نے خطاب میں بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور افواج ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے اور عالمی برادری کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے،ریلی کا ماحول پْرامن رہا اور شرکاء نے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملکی سالمیت، خودمختاری، اور افواج پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر کھڑے ہیں۔