کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جواب ضرور دیں گے بھارتی پروپیگنڈا ان کی فرسٹریشن ظاہر کررہا ہے، سینئر صحافی اعزاز سید نے کہا کہ میں آج پاکستان ایئر فورس کی دعوت پر گیا اور میں نے وہاں جو سسٹم دیکھے اور پاکستان کے پاس جو ایئر ڈیفنس سسٹم ہے اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے،سابق کور کمانڈرلاہور اور کوئٹہ اور سابق ڈی جی ایم او لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر عامر ریاض نے کہا کہ بھارت کا اپنے ہی شہر امرتسر پر حملے کی وجہ سکھوں میں پاکستان کے خلاف جذبات کوابھارنا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بھارتی میڈیا اس وقت جو کچھ بھی کررہاہے اس کا مقصد خفت مٹانا ہے کیونکہ ان کے ساتھ جو کچھ پاکستان کی فوج نے کیا ہے اس کے بعد ان کے میڈیا کے پاس چھپنے کے لئے جگہ موجود نہیں ہے اپنی خفت مٹانے کے لئے بھارت نے 29ڈرون بھیجے ہم نے سب کے سب مار گرائے کچھ کو جام کرکے گرایا تو کچھ کو جو ملٹری سسٹم کی طرف جارہے تھے۔