ریاض ( جنگ نیوز) امریکا سعودیہ سول جوہری مذاکرات، امریکا نے سعودی عرب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شرط ختم کردی ، سعودی سول جوہری مذاکرات کو اسرائیل کو تسلیم کرنے کے مطالبے سے الگ کر دیا گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اگلے ہفتے کے دورے سے قبل اس معاملے سے باخبر دو ذرائع نےبرطانوی نیوز ایجنسی کو بتایا کہ امریکا اب سعودی عرب سے سول جوہری تعاون کے مذاکرات میں پیشرفت کیلئے اسرائیل کیساتھ تعلقات معمول پر لانے کا مطالبہ نہیں کر رہا ۔ واشنگٹن کاسعودی عرب سے اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے مطالبے کو ترک کرنا ایک بڑی رعایت ہوگی۔ سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں جوہری مذاکرات ایک وسیع تر امریکی سعودی معاہدے کا ایک عنصر تھے جو تعلقات کو معمول پر لانے اور واشنگٹن کے ساتھ دفاعی معاہدے کے لیے ریاض کے ہدف سے منسلک تھا۔ مملکت نے بارہا کہا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے بغیر اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا، جس سے ٹرمپ کے پہلے دور میں دستخط شدہ ابراہیمی معاہدوں کو وسعت دینے کی بائیڈن انتظامیہ کی کوششیں ناکام ہوئیں۔