• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلائٹ آپریشن بحال، غیریقینی صورتحال، 174 پروازیں منسوخ، بیرون ملک سیکڑوں پاکستانی پھنس گئے

کراچی( افضل ندیم ڈوگر )جمعہ کو کراچی اسلام آباد لاہور سمیت تمام ایئرپورٹس بحال ہونے کے باوجود ملک کا فضائی آپریشن شدید متاثر رہا۔ ملک بھر کی 411پروازوں میں سے 174 پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ 250پروازیں غیر یقینی صورتحال کا شکار رہیں۔غیرملکی پروازوں کیلئے ہفتے کا دن بھی مایوس کن، غیر ملکی ایئر لائنز کی ہفتے کی بھی 90 پروازیں منسوخ کر دی گئی لاہور ایئرپورٹ کی 3 گھنٹے کیلئے بندش کے نوٹم سے فلائٹ آپریشن پھر درہم برہم ہوگیا جب 3 پروازوں کو متبادل ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔پاکستان آنے والی پروازیں منسوخ ہونے سے دوحہ، دبئی، ابوظبی، استنبول،بنکاک ،کولمبو، سمیت متعدد ممالک کے ٹرانزٹ ائیرپورٹس پر سیکڑوں پاکستانی پھنس گئے، ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مختلف غیر ملکی ایئر لائنز کی جانب سے پاکستان کے اور بھارت کیلئے پروازیں منسوخ کیے جانے کی وجہ سے صورتحال انتہائی گھمبھیر ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں موجود پاکستانی مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں فلائٹ شیڈیول کے مطابق جمعہ کو لاہور ایئرپورٹ کی 96 پروازوں میں سے 47 اسلام اباد کی 120 میں سے 48 کراچی کی 123 میں سے 40 ملتان کی 18 میں سے 8 فیصل اباد کی 9 میں سے 6 سیالکوٹ کی 15 میں سے 13 پشاور کی 18 میں سے 8 اور کوئٹہ کی 12 پروازوں میں سے 4 منسوخ کی گئیں۔ لاہور ایئرپورٹ کی اچانک بندش کی وجہ سے ریاض لاہور کی پرواز واپس موڑ دی گئی مدینہ لاہور کی پرواز کوئٹہ اتاری گئی کراچی لاہور کی پرواز کو واپس کراچی موڑ دیا گیا۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اج ہفتے کو بھی ملک بھر کا فلائٹ شیڈول معمول پر نہیں۔ ہفتے کی کراچی کی 122 پروازوں میں سے 32، پشاور کی 2 سیالکوٹ کی 10 فیصل آباد کی 4 ملتان کی 3 اسلام اباد ایئرپورٹ کی 20 لاہور کی 21 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اہم خبریں سے مزید