کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی علاقہ گلزار ہجری کے تحت صابری شہید پارک گلشن اقبال میں پندرہ روزہ ”پڑھو پڑھاؤ“ مہم کے آخری روز اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ معیاری اور مفت تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن سندھ حکومت کا 454ارب روپے کا تعلیمی بجٹ ہونے کے باوجود عوام کو سرکاری سطح پر معیاری تعلیم میسر نہیں اور لوگ بھاری فیسیں دے کر نجی تعلیمی اداروں میں اپنے بچوں کو پڑھانے پر مجبور ہیں، حکومتی نا اہلی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دور میں جماعت اسلامی کی ”پڑھو پڑھاؤ مہم“ غریب اور متوسط گھرانوں کے بچوں کے لیے ایک بہترین سہولت اور یہ ایک تحریک کی صورت میں اب پورے شہر میں پھیل رہی ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا اور سندھ طاس معاہدے کو بھی بحال کرایا جائے، اس موقع پر امیر ضلع شرقی نعیم اختر، ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد، ناظم علاقہ مظہر الدین صدیقی اور دیگر بھی موجود، علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔