کوئٹہ (پ ر )روشن فکر، کتاب دوست شخصیت سیکرٹری لائیو اسٹاک طیب لہڑی کی خصوصی دل چسپی اور رہنمائی میں کتاب دوستی فاؤنڈیشن پاکستان ، بلوچستان کے زیرِ اہتمام ملک کے ممتاز سفر نامہ نگار ، شاعر ، محقق اور مترجم شفقت عاصمی کمبوہ کے منفرد سفر نامہ " ڈیورنڈ لائن کے اٌس پار " کی تقریب رونمائی اور اعزازی مشاعرہ کا انعقاد انیمل سائنسسز انسٹیٹیوٹ لائیو اسٹاک کے خوبصورت آڈیٹوریم میں کیا گیا۔یہ پُر وقار تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی ۔ پہلے حصے میں جناب شفقت عاصمی کمبوہ کے نئے سفر نامے " ڈیورنڈ لائن کے اُس پار " کی تقریب رونمائی ہوئی جس کی صدارت سابق چیف سیکرٹری بلوچستان منیر احمد بادینی نے کی جب کہ مہمان خصوصی شفقت عاصمی کمبوہ اور مہمانانِ اعزاز سینیٹر جان بلیدی ، آغا انور گل ، پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد بیگ اور میزبان خصوصی طیب لہڑی تھے ۔موجودہ حالات کے پیش نظر ملکی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی گئی ، تقریب سے سیکرٹری لائیواسٹاک نے خطاب کرتے ہوئے شفقت علی عاصمی ؔ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ موجودہ دور میں کتب بینی کا رواج پروان چڑھانا بے حد ضروری ہے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان ادبی حوالے سے مردم خیز سرزمین واقع ہوا ہے جہاں بہترین محققین نے اپنا ادب کی خدمت کی ۔