• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گورنر ہاؤس نے مراد علی شاہ کو انتخاب سے پہلے ہی وزیر اعلیٰ بنا دیا

Governor House Made New Cm Before Election
افضل ندیم ڈوگر....سندھ کے گورنر ہاؤس کی انتظامیہ نے جمہوری عمل کے منافی اقدامات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کے الیکشن میں امیدار مراد علی شاہ کو ایک دن پہلے ہی وزیراعلیٰ سندھ بنا دیا ہے اور ان کے حلف کے لئے وزیر اعلیٰ کے نام کے ساتھ دعوت نامے جاری کردیئے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب آج سہ پہر 3 بجے شیڈول کیا گیا ہے جس کے لیے اجلاس سندھ اسمبلی کی بلڈنگ میں منعقد ہوگا۔ وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے پیپلزپارٹی کے امیدوار سید مراد علی شاہ اور تحریک انصاف کے امیدوار خرم شیرزمان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کی تعداد 91 ہے جبکہ تحریک انصاف کے سندھ اسمبلی میں صرف 3 ارکان ہیں۔ توقع ہے کہ پیپلزپارٹی کے امیدوار مراد علی شاہ سندھ اسمبلی کے 168 کے ایوان میں 86 سے زیادہ ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوجائیں گے۔

وزیراعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی جہاں گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں گے جس کے لئے گورنر ہاؤس کی انتظامیہ کی جانب سے دعوت نامے گذشتہ روز ہی جاری کردیئے گئے تھے۔

دعوت نامے میں مراد علی شاہ کا نام وزیر اعلیٰ سندھ کے طور پر لکھ دیا گیا ہے۔ سیاسی حلقوں کے مطابق اگر مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں تو پھر الیکشن کا کیا جواز ہے جو شاید جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔

سیاسی حلقوں کے مطابق گورنر ہاؤس یا کسی اور کو مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ بننے کے معاملے میں کتنی بھی پراعتمادی کیوں نہ ہو گورنر ہاؤس کی انتظامیہ کا یہ عمل جمہوریت کے منافی ہے۔
تازہ ترین