کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نوجوانان مارخور اتحاد کے زیر اہتمام یوم تشکر کے سلسلے میں جمعہ کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور میکانگی روڈ سے ریلیاں نکالی گئیں جو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی ، مظاہرے اور ریلیوں کی قیادت سردار امین اللہ ، بلال خان بڑیچ ، غفار بادینی اور دیگر نے کیاس موقع پر مظاہرین نے قومی پرچم ، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور افواج پاکستان کے حق میں نعرے بازی کررہے تھے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس دلیری اور بہادری سے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اس کے جہازوں کو اس کی سرزمین پر خاک میں ملایا وہ تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اس کے غرور اور تکبر کو پاک فوج نے خاک میں ملادیا اب بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کرسکتا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام افواج پاکستان کے ساتھ دشمن کی جارحیت اور غرور کو خاک میں ملانے کیلئے متحد ہیں اور ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔اس موقع پر مظاہرے کے شرکا نے مودی کی تصویر اور بھارتی ترنگہ نذر آتش کیا۔