• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معرکہ حق میں تاریخی فتح، ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا

اسلام آباد(ایجنسیاں)معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا‘شہرشہر تقاریب ‘ملکی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعائیں‘ وزیر اعظم ہاؤس میں پرچم کشائی ‘ صدر مملکت آصف علی زرداری ‘وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی شہداءکے گھروں پر آمد ‘سینیٹ میں بھی بہادرافواج کی بھرپورستائش کی گئی ۔تفصیلات کے مطابق معرکہ حق میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں یوم تشکر منایا گیا ۔ دن کا آغاز نما ز فجر میں ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاؤں اور قرآن خوانی سے کیا گیا‘وفاقی دارالخلافہ میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21توپوں کی سلامی دی گئی‘ مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقاریب منعقد کی گئیں اور پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں منعقد کی گئیں اور ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے گئے اور دعائیہ تقاریب منعقد ہوئیں‘آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی گئیں۔کراچی سے اسٹاف رپورٹرکے مطابق شہرقائد میں دن کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت، ملک و ملت اسلامیہ کیلئے خصوصی دعاؤں اور توپوں کی سلامی سے ہوا- کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیرنے یوم تشکر کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی‘ پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ کراچی کور میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ یوم تشکر کے سلسلے میں ملیر گیریژن میں یادگار شہداء پر بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چیف منسٹر سندھ سید مراد علی شاہ اور کور کمانڈرز کراچی لیفٹیننٹ جنرل اویس دستگیر نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

اہم خبریں سے مزید