دبئی(سبط عارف)پولیس کا عالمی تحقیقاتی ایوارڈ پاکستانی خاتون کے نام،صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا کی پولیس افسر انعم خان نے دبئی میں عالمی انویسٹی گیشن ایوارڈ جیت لیا،پاکستانی پولیس افسر انعم خان محمد شیر نے دبئی میں ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2025 میں “ایکسلیس اِن کرمنل انویسٹی گیشن" کا عالمی ایوارڈ جیت لیا۔ انعم خان، پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں بطور تحقیقاتی آفیسر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انعم خان کو عالمی اعزاز ان کی غیر معمولی تفتیشی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ قیادت پر دیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ دبئی پولیس کی میزبانی میں ایک شاندار تقریب کے دوران پیش کیا گیا، جس میں دنیا کے 90 سے زائد ممالک سے پولیس سربراہان اور سیکیورٹی ماہرین نے شرکت کی۔انعم خان کو یہ اعزاز پنجاب کے دو اہم قتل کیسز کو کامیابی سے حل کرنے پر دیا گیا۔پہلے کیس میں، انعم خان نے بارہ سالہ گھریلو ملازمہ عائشہ بی بی کے قتل کی تفتیش کی، جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کی نگرانی میں سرگودھا پولیس نے محض 72 گھنٹوں میں ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔دوسرے کیس میں، انعم خان نے نوجوان محسن کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری صرف 24 گھنٹوں میں ممکن بنائی تھی ۔