لاہور(آصف محمود بٹ ) برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کا ’پلان فار چینج‘ کے تحت معاشی ترقی کے ہدف میں کلیدی کردار ہے پاک بھارت جنگ بندی برطانیہ سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔انہوں نے جمعہ کے روز پاکستان کا دورہ کیا، جو 2021 کے بعد کسی بھی برطانوی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے۔ ڈیوڈ لیمی نے وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سینئر حکام سے ملاقاتیں کیں، یہ دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی قائم ہوئی ہے۔ برطانیہ کی جانب سے اس نازک جنگ بندی کو پائیدار امن میں بدلنے کی بھرپور حمایت کی گئی ہے۔برطانوی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کی جانب سے کشیدگی کم کرنے اور جنگ بندی پر آمادگی کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ برطانیہ سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔