کراچی( اسٹاف رپورٹر )لانڈھی میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے ایک اور شہری جاں بحق ہو گیا، رواں برس ڈکیتی مزاحمت جاں بحق شہریوں کی تعداد 43 ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 4گلی نمبر دو اسکول والی گلی کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر 36 سالہ شاہ فہد ولد طاہر کو زخمی کر دیا،اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا۔ایس ایچ او اویس وارثی کے مطابق ملزمان نے مقتول سے موبائل فون چھینا جس پر مقتول نے مزاحمت کر دی۔مقتول شاہ فہد کے بھائی شاہ اویس نے بتایا کہ اپنے بڑے بھائی کو اس نے گردہ عطیہ کیا تھا، آج ڈاکو اس کی جان لے گئے۔مقتول دو بچوں کا باپ اور شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں کمپریسر کا کام کرتا تھا ۔