اسلام آباد (خبر نگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے متفقہ طور پر وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن بل کی منظوری دے دی جبکہ دیت سے متعلق ترمیم کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس گزشتہ روز سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینیٹرز شہادت اعوان، ضمیر حسین گھمرو اور وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ کمیٹی نے وزارت قانون و انصاف کی بریفنگ کے بعد وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن بل 2025 کی متفقہ منظوری دے دی،بریفنگ میں بتایا گیا گو کہ وسل بلور پروٹیکشن کا قانونی فریم ورک 2019 سے موجود ہے تاہم اس پر عمل درامد نہیں ہوا۔