اسلام آباد(نمائندہ جنگ)برآمدات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے درآمدی محصولات میں نمایاں کمی کا فیصلہ ، حکومت نے درآمدی ڈیوٹیوں کے مرحلہ وار خاتمے کی منظوری دیدی،یہ فیصلہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف پالیسی کے حوالے سے بلائے گئے اہم اجلاس میں کیاگیا جو جمعہ کے روزوزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا ۔وزیرِ اعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ حکومت مضبوط معیشت کےحصول روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مہنگائی کے دیرپا اور مکمل خاتمے کے لیے کوئی کسراٹھا نہ رکھے گی۔ وزیر اعظم نے ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے درآمدی محصولات (ٹیرِف) میں بتدریج مگر نمایاں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کو معاشی بہتری کے حصول کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جو کہ برآمدات پر مبنی ترقی کو ممکن بنائے گا۔ اس فیصلہ سے نہ صرف بےروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مہنگائی کی شرح کو بھی قابو میں رکھا جا سکے گا۔ا سی اجلاس میں وزیر اعظم نے ایک عمل درآمد کمیٹی بھی تشکیل دی ہے ۔