• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہراوّل دستہ ہیں، وزیراعلیٰ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہےکہ سندھ کے نوجوان ملکی دفاع میں ہر اول دستہ ہیں۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کا بخوبی ادراک ہے اور پوری قوم متحد ہے۔ سندھ حکومت ہر محاذ پر وطن کے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم تشکر کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور قومی سطح پر یومِ تشکر منانے کے سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جمعہ کو سندھ سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر منعقدہ ’’معرکۂ حق‘‘ ریلی میں شرکت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے قوم کے جوش و جذبے کو سراہا اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران قومی ترانہ بجایا گیا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کے فلک شگاف نعرے گونجے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے، ہمارے جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے اور پوری قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، پوری قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید