اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی وفد نے جمعرات کی شام اہم ملاقات کی جس کے نتیجے میں دونوں اتحادی جماعتیں حالیہ نوک جھونک اور بیان بازی کے بعد شیر وشکر ہوگئی ہیں ۔پیپلزپارٹی کاوزیر اعظم سے پنجاب میں تحریری معاہدے پر عملدرآمد نہ ہونے اور مسلسل نظر انداز کئے جانے کا شکوہ ، وزیراعظم نے اہم قانون سازی پر بلاول کو اعتماد میں لیا، قانون سازی کو انتہائی خفیہ رکھنے ،پیر کو اجلاس بلانے پر اتفاق ، وزیر اعظم آفس سے جاری اعلا میہ کے مطا بق وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ اعلامیہ کے مطا بق ملاقات میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم کی معاونت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کی جبکہ بلاول بھٹو کے ہمرا ہ اراکین قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، نوید قمر اور سینیٹر شیری رحمان بھی شریک تھے۔