اسلام آباد(فاروق اقدس) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو 22 اپریل کو پہلگام میں دہشتگردی کے واقعہ کے بعد سے 10مئی کو جنگ بندی تک جس تناؤ کا سامنا تھا اب یہ تناؤ داخلی سطح پر شدید دباؤ کی شکل اختیار کر گیا جس کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اس بات کا اندازہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ٹوئٹر پوسٹ میں لگائے الزامات اور سوالات سے لگایا جا سکتا ہے جن میں انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے یہ سوال بھی کیا ہے کہ آپریشن سندور میں بھارتی فضائیہ کتنے طیاروں سے محروم ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق راہول گاندھی نے ہفتہ کو بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت پر ʼآپریشن سندورʼ سے پہلے پاکستان کو مبینہ طور پر مطلع کرنے کا الزام لگایا اور اسے جرم قرار دیا۔
رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ہمارے حملے کے آغاز میں پاکستان کو اطلاع دینا جرم تھا۔
اُنہوں نے لکھا کہ وزیر خارجہ نے کھلے عام اعتراف کیا کہ بھارتی حکومت نے یہ کیا۔
راہول گاندھی نے اس معاملے پر برسراقتدار حکومت سے بھی سوال کیا کہ اس کی اجازت کس نے دی؟ اس کے نتیجے میں ہماری فضائیہ کے کتنے طیارے ضائع ہوئے؟ اور دیس کو کتنا نقصان ہوا؟ راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر آپریشن سندور کا ذکر کر رہے ہیں۔