کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ ، سردار حسن جمیل بوستان ایڈووکیٹ میر وائس ایڈووکیٹ احمد شاہ ایڈووکیٹ عبیداللہ ایڈووکیٹ عمر فاروق ایڈووکیٹ امین آغا ارشد اچکزئی توقیر بھٹی ضیاء الحق نعمت اللہ سردار بہلول اورسردار احمد نے بیان میں کہا ہے کہ ہم سب کو مل کر نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا ہوگا کیونکہ اس وقت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں منشیات فروشی عام ہے ، انہوں نے کہا کہ اس وقت سرعام شیشے کا استعمال ہے جس کی وجہ سے نوجوان بری طرح اس لت میں مبتلا ہورہے ہیں اور اس لعنت کو کوئی بھی روکنے میں مخلص نہیں۔ انہوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ فوری طور پر نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ درایں اثناء محمد رحیم کاکڑ نے ایک اور بیان میں سرزمین مقدس سعودی عرب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبال اور خواتین کی جانب سے ہاتھ ملانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ لاکھوں فلسطینیوں کے قتل میں ملوث ہے اور ایک مسلم ملک میں اس کے اس طرح استقبال سے اسرائیلی مظالم کا شکار فلسطینیوں کے زخم پر نمک پاشی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سے اپنے تعلقات پر نظرثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی محب وطن جماعت ہے جسے اپنی افواج پر فخر ہے ، 10مئی کو پاک افواج نے بھارت کو جو سبق سکھایا وہ اسے مدتوں یاد رہے گا۔