بھارت کیخلاف اسلام کے نام پر قائم ہونے والے پاکستان کی ایمان، تقویٰ، جہاد فی سبیل اللّٰہ کے یقین پر لڑنے والی پاک فوج (پاک فوج کا مطلب بری، بحری اور فضائیہ تینوں افواج) کی شاندار فتح نے قوم میں ایک ایسا جذبہ پیدا کیا ہے جسکی ہماری زندگیوں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ کہا جاتا ہے کہ 1965کی جنگ کے وقت بھی پاکستانی قوم کا جذبہ کمال کا تھا۔ اس تازہ معرکہ سے پہلے پاک فوج پر اُٹھائے جانے والے تما م سوالوں اور تنقیدکا فوج نے ایسا جواب دیا ہےکہ پوری قوم نعرہ تکبیر بلند کرنے کیساتھ ساتھ پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا رہی ہے۔ عوام اب اپنی فوج کے گن گا رہی ہے ۔ ایسے میں کئی لوگ یہ پوچھتے ہیں کہ تحریک انصاف والے کیا کہتے ہیں۔ اس پر آپ سب اپنے اردگرد نظر دوڑائیں تو آپ کو پتا چل جائے کہ اِکا دُکا کو چھوڑ کر ہر پاکستانی چاہے اُسکا کسی سیاسی جماعت سے تعلق ہو،بہت خوش ہے۔ بیرون ملک میری اپنے جاننے والوں سے بات ہوئی اور اُن سب کا تعلق تحریک انصاف سے ہے، وہ سب بھی بہت خوش ہیں۔ پاک فوج کی تعریف کر تے ہیں، پاک فوج زندہ باد کا نعرہ بھی لگاتے ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ دوسرے ممالک سے تعلق رکھنےوالے افراد کا پاکستانیوں کیساتھ رویہ ہی بدل گیا ہے۔ پاکستان اور پاکستانیوں کی عزت میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ ایسے میں ایک بہت چھوٹا سا طبقہ تحریک انصاف میں اب بھی ہے جو پاک فوج کا نام لیتے ہوئے کتراتا ہے۔ کچھ کہتے ہیں کہ جنگ تو صرف پاک فضائیہ نے جتوائی۔ کچھ کو آرمی چیف کا نام سننے اورلینے میں تکلیف محسوس ہوتی ہے۔ ایسے افراد قابل ترس ہیں ، یہ بچارے لاعلاج ہیں بلکہ بدقسمت ہیں کہ اسلام اور پاکستان کی اتنی بڑی کامیابی کو تسلیم کرنے یامحسوس کرنے سے قاصر ہیں۔ قوم کا جذبہ دیکھنا ہے تو دیکھیں پاکستان کے کونے کونے میں جب فوجی باہر نکلتے ہیں تو قوم اُن کا کیسے استقبال کرتی ہے۔ پھول نچھاور کیے جا رہے ہیں، اُن کو گلے لگایاجا رہا ہے، نعرے بلند کیے جا رہے ہیں۔اگر قوم کا جذبہ دیکھنا ہے تو دیکھیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ روز تماشائیوں کا اس جیت اور اپنی فوج کے بارے میں کیا جذبہ تھا، کتنا جوش و خروش تھا۔ اگر قوم کا جذبہ دیکھنا ہے تو گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر اسلام آباد کے جس اسکول میں گئے وہاں اُن کا کس طرح سے استقبال کیا گیا، اُسے دیکھیں۔ کیا جوش تھا؟ کیا جذبہ تھا؟ کیا محبت کا اظہار تھا؟ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فوج نے ہمیں وہ کچھ دیاجس کی ہمیں کبھی توقع ہی نہ تھی۔ کتنا عرصہ سنتے رہے کہ فوج کھا گئی،فوج کھاگئی لیکن جو کارنامہ اس فوج نے کیا اُس نے ہمارے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو حیران کر دیا کہ کیسے کم وسائل کے ساتھ اتنی مہارت حاصل کر لی کہ اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کو گھنٹوں میں عبرت ناک شکست سے دوچار کر دیا۔ پاک فوج صحیح معنوں میں چھپا رستم نکلی۔ اگر ایک طرف یہ اہم ہے کہ قوم اپنی فوج کے بارے میں کیا سوچتی ہے تو یہ بھی ضروری ہے کہ دنیا ہمارے بارے میں کیا کہتی ہے۔ امریکا ہو، یورپ، عرب ممالک ہوں یا سائوتھ ایشیا ہر جگہ پاکستان کی فوج کے چرچے ہیں۔ حتیٰ کہ بھارت کے اندر یہ تسلیم کیا جارہا ہے کہ پاک فوج بھارتی فوج سے بہت بہترہے اور یہ کہ پاکستان یہ جنگ جیت گیا۔ ہمارے ہاں کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ خطرہ ہے بھارت پھر سے پاکستان پر کوئی حملہ نہ کر دے۔ میری ذاتی رائے میں ہمیں اگرچہ اپنے دفاع کیلئے تیار رہنا چاہیے لیکن مجھے اب نظر نہیں آ رہا کہ بھارت دوبارہ یہ غلطی کرے گا۔ اب تو ویسے ہی بھارتی فوج کا مورال صفر ہو چکا۔ مودی اور بھارتی فوج کو معلوم ہے کہ اگر پھر کوئی مس ایڈونچر کیا تو پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ پرزور ہو گا۔ ہاں یہ خطرہ ضرو ر ہے کہ بھارت پاکستان کے اندر دہشتگردی کو بڑھانے کی کوشش کرے اور یہ وہ ایریا ہے جس پر ہماری توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔