کراچی(نیوزڈیسک)کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو XIV باقاعدہ طور پر کیتھولک چرچ کے267ویں پوپ بن گئے۔سینٹ پیٹرز اسکوائر پر افتتاحی اجتماع میں بین الاقوامی رہنماؤں سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی، پوپ نے دعائیہ خطاب میں یوکرین اور غزہ میں امن کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے نڈھال ہوچکے ہیں۔پوپ نے نائب امریکی صدر جے ڈی وانس، وزیر خارجہ روبیو اور دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کی۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نےبھی پوپ لیو سے ملاقات کی۔خیال رہے کہ سابق پوپ فرانسس کی وفات کے بعد 10روز قبل کارڈینل رابرٹ پری ووسٹ کو کیتھولک مسیحیوں کا نیا پوپ منتخب کیا تھا جس کے بعد انہوں نے بطور پوپ اپنا نام لیو XIV منتخب کیا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اتوار کو ویٹی کن سٹی کے سینٹ پیٹرز اسکوائر میں پوپ لیو XIVکی افتتاحی مذہبی تقریب میں شرکت کی۔ یہ تقریب پوپ لیو XIVکے عہدے کا باقاعدہ آغاز تھا، جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے تقریباً 2لاکھ 50ہزار افراد، عالمی رہنما اور اہم شخصیات شریک ہوئیں۔سید یوسف رضا گیلانی کی شرکت پاکستان کی طرف سے دنیا کو یہ پیغام دینے کے لیے تھی کہ ہم پاکستانی قوم، مذہبی ہم آہنگی اور تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔اس تقریب میں کئی عالمی رہنماؤں نے بھی شرکت کی، جن میں امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو، یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی، پیرو کی صدر دینا بولوارٹے، نائجیریا کے صدر بولا ٹنبو، کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی، آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز، اور یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈیر لائن شامل تھے۔اس کے علاوہ بیلجیئم اور اسپین کے بادشاہ اور ملکہ بھی تقریب میں شریک تھے۔پوپ لیو XIV، جو امریکہ کے شہر شکاگو میں پیدا ہوئے اور امریکی و پیرووی شہریت رکھتے ہیں، ان دونوں ممالک سے پہلے پوپ ہیں۔ اپنی تقریر میں انہوں نے دنیا بھر میں امن، ہمدردی اور اتحاد کے پیغام پر زور دیا۔اپنے دورے کے دوران چیئرمین سینیٹ ویٹی کن اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں امن کے فروغ، اقلیتوں کے حقوق، اور مذاہب کے درمیان تعاون جیسے اہم موضوعات پر بات چیت ہوگی۔پاکستان دنیا بھر میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کا حامی ہے۔ چیئرمین گیلانی کی اس تقریب میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دنیا کے ساتھ امن، احترام اور ہم آہنگی کے رشتے کو مضبوط کرنا چاہتا ہے۔